Saturday 11 February 2012

برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان میں آٹھ اکتوبر سے اپنی معطل ویزا سروس بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں قائم ہائی کمیشن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آٹھ اکتوبر اور لاہور میں تیرہ اکتوبر سے ویزا مراکز درخواستیں وصول کرنا شروع کریں گے۔ یہ ویزا درخواست مراکز جیریز انٹرنشینل کے قائم کردہ ہیں۔
ہائی کمیشن نے بتایا ہے کہ اسلام آباد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر میر پور میں ویزا مراکز میں سکیورٹی کے اقدامات ہو رہے ہیں اور ان کی تکمیل کے بعد ان مراکز کو کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے فوری درخواست دینے کے خواہاں افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کال سینٹرز سے رابطہ کریں اور پہلے سے ملاقات کے لیے وقت طے کرنے کے بعد وہاں پہنچیں۔
ایسے درخواست گزار جو پہلے ہی ویزے کے لیے درخواستیں دے چکے ہیں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ انتظار کریں اور ان سے پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے خود ہی ہائی کمیشن رابطہ کرے گا۔
واضح رہے کہ بیس ستمبر کو میریئٹ بم حملے کے بعد برطانیہ اور امریکہ نے پاکستان میں ویزا سروس معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ برطانوی فضائی کمپنی نے اپنی پروازیں معطل کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
پاکستان حکومت کی جانب سے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد امریکہ نے تیس ستمبر سے اپنی ویزا سروس بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ برطانوی ہائی کمیشن نے آٹھ اکتوبر سے جزوی ویزا سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیکن تاحال برٹش ایئر ویز کی جانب سے اپنی معطل کردہ پروازیں بحال کرنے کا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا